گھیگا چوک تا واسو مرکزی شاہراہ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی، عوام شدید مشکلات کا شکار
رپورٹ: طاہر نذیر جاڑہ
گھیگا چوک تا واسو مرکزی شاہراہ طویل عرصے سے تباہ حالی کا شکار ہے اور مقامی آبادی روزانہ کی بنیاد پر مسائل جھیلنے پر مجبور ہے۔ گھیگا واسو چونگی سے چک بساوا تک جانے والی یہ اہم سڑک چند ماہ قبل ٹھیکیدار کی طرف سے مکمل طور پر اکھاڑ دی گئی تھی، لیکن تعمیر نو کا کام ایک بار بھی دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی نے ان کی روزمرہ زندگی شدید متاثر کر دی ہے۔ اسکول جانے والے بچوں کو راستے میں مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے اور سڑک کیچڑ اور گڑھوں میں بدل جاتی ہے۔ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے حادثات میں اضافہ ہو چکا ہے اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر منڈی بہاءالدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کو پابند کیا جائے کہ وہ سڑک کی تعمیر کا کام جلد شروع کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ کسی اعلی افسر کو نگران مقرر کیا جائے تاکہ منصوبہ بروقت اور معیاری طور پر مکمل ہو سکے۔
عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ جلد از جلد اس دیرینہ مسئلے کو حل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرے گی۔






